اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملے ، فلسطینی شہداء کی تعداد 3ہزار سے تجاوز کر گئی

Oct 16, 2023 | 00:27 AM

ایک نیوز :اسرائیل کے غزہ پروحشیانہ حملے جاری ہیں ، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 3ہزار سے تجاوز کر گئی۔جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 9ہزار افراد زخمی ہوئے ۔
فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی جارحیت کے دوران قابض فوج بے رحمی کے ساتھ بم گرا رہی ہے جس کے نتیجے میں نہتے فلسطینیوں کی اموات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
اسرائیل ہزاروں ٹن بارود غزہ پر گراچکا ہے جس میں سیکڑوں گھر تباہ ہوچکے ہیں اورتین لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں ، یہی نہیں اسرائیلی فوج نے غزہ سے نقل مکانی کرنیوالے قافلوں کو بھی نہیں بخشا ، اسرائیلی طیاروں کے حملوں میں 70 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔
یہودی آباد کار بھی نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کرنے لگے ، گزشتہ روز یہودی آباد کار نے بھی اسرائیلی فوج کی موجودگی میں نہتے فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کیا۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں پر بمباری تیز کردی جس سے ہسپتال اور صحت کی سہولیات متاثر ہوئیں، اسرائیلی بمباری میں ہسپتال بھی محفوظ نہیں رہے ہیں، بمباری میں غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
غزہ کے ہسپتالوں میں ہیلتھ ریفریجریٹرز لاشوں سے بھر گئے ہیں ،جس کے بعد کھانے اور آئس کریم کے ریفریجریٹرز کو جسم کے اعضاء اور لاشوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جانے لگا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے غزہ کے ہسپتالوں سے مریضوں کی بے دخلی کو سزائے موت کے مترادف قرار دے دیا جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ غزہ میں اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 700بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں