ضمنی انتخابات:پی ٹی آئی کی ووٹ خریدنے کی ویڈیووائرل

Oct 16, 2022 | 16:04 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے رہنما کی ووٹرز سے ایک ایک ہزار روپے میں ووٹ خریدنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں شکست کا خوف، دھاندلی کا شور مچانے والے خود ووٹ خریدتے پکڑے گئے، تحریک انصاف کی جانب سے حلقہ این اے 108 اور پی پی 241 میں لوگوں کو پیسے دے کر ووٹ خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔

فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے حلقے 108 میں پی ٹی آئی کی مبینہ طور پر ووٹ خریدنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما نے ووٹرز کو فی کس 1000روپے دے کر شناختی کارڈزجمع کیے، جب کہ انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے باوجود بھی پی ٹی آئی نے فون پر کمپین چلائی۔

پنجاب کے حلقے پی پی 241 میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں، تحریک انصاف کے امیدوار ملک مظفر خان کی جانب سے لوگوں کو پیسے دے کر ووٹ خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے حلقے میں جلسوں اور کارنرمیٹنگز پرکیے گئے اخراجات کی بھی ایک لمبی لسٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق کروڑوں روپے ووٹ خریداری کی مد میں جھونک دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ الیکشن مہم کا وقت ختم ہونے کے باوجود مختلف حلقوں میں ٹیلیفونک کمپیئن تک چلائی جاتی رہی، اور نامعلوم نمبروں سے گھر گھر فون کرکے پی ٹی آئی چیئرمین کے پیغامات پہنچائے جاتے رہے۔

مزیدخبریں