وفاقی وزیراطلاعات  عطا تارڑ نے 9مئی کے حملوں کی سی سی ٹی فوٹیجرز جاری کر دیں

وفاقی وزیراطلاعات  عطا تارڑ نے 9مئی کے حملوں کی سی سی ٹی فوٹیجرز جاری کر دیں
کیپشن: Federal Information Minister Atta Tarar released the CCT footage of the May 9 attacks

ویب ڈیسک:وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے حواریوں نے ہر قدم  ملک کو نقصان پہنچانے کیلئےاٹھایا، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے، ان حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کردیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے پیغامات موجودہیں، پی ٹی آئی عہدیداروں کو9مئی کیلئے ہدایات دی گئیں، یہ ایسا بیانیہ بنانا چاہتےتھے کہ مشتعل ہوکر فوجی تنصیبات پر حملہ کیا جائے، یہ کہتے ہیں کہ ہم نے حملہ نہیں کیا،تو کیا جنوں نے یہ واقعات کیے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ریکارڈ کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور نہ اسے مٹایا جاسکتا ہے، 9 مئی کو قومی سلامتی کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی جس کے تمام شواہد ان ویڈیوز میں عوام کے سامنے آچکے ہیں، اب 9 مئی کے کیسز کا فوری طور پر فیصلہ ہونا چاہئےاور نہ صرف ان کیسز کا فیصلہ کیا جانے چاہیے بلکہ ان کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ زیر التوا تمام جوڈیشل کیسز کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جانے چاہیے اور دشمنوں کے ایجنڈے کو فروغ دینے والوں ان ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا جائے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بار بار اس بات کو دہرایا جاتا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے کر آئیں، اب یہ سامنے لے آئیں ہیں، بیانات آچکے ہیں، یہ ملک دشمن ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ ان شواہد کی روشنی میں تحریک انتشار کے تمام لوگوں کو معافی مانگنی  چاہئے، انہیں ان کیسز کا سامنا کرنا چاہئےاور اب تمام ثبوت قوم کے سامنے آچکے ہیں۔