ایک نیوز: اداروں کیخلاف مبینہ طور پر مہم چلانے کے کیس میں صحافی عمران ریاض سیشن کورٹ لاہور میں پیش ہوئے۔ جہاں ان سے صحافیوں نے غیررسمی گفتگو کی۔ تاہم ظاہری طور پر انتہائی لاغر نظر آنے والے صحافی لکنت اور زبان کی لغزش کی وجہ سے کسی بھی سوال پر ٹھیک سے جواب نہ دے سکے۔
عدالت پیشی کے دوران ماضی کے معروف صحافی پوچھے جانے والے سوالوں پر مسکراتے رہے اور اشاروں سے جواب دینے کی کوشش کرتے رہے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا؟ جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے اشارے سے نفی میں سر ہلادیا۔
اس کے علاوہ عمران ریاض نے ہاتھ کے اشارے سے آسمان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے باور کروایا کہ وہ صرف اللہ سے ڈرتے ہیں۔ جب ان سے طبیعت کے متعلق سوال کیا گیا تو بہت مشکل سے وہ ایک لفظ ادا کرکے طبیعت کا حال بتا سکے۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ کی واپسی کب ہورہی ہے تو انہوں نے کہا جلدی۔
صحافی نے آخر میں ان سے سوال کیا کہ عمران بھائی قوم نے آپ کیلئے بڑی دعائیں کیں۔ بڑی محبت کی۔ کچھ کہنا چاہیں گے؟ اس سوال کے جواب میں عمران ریاض خان کے جسم میں بجلی دوڑ گئی اور بظاہر کمزور نظر آرہے سینئر صحافی نے اپنے جسم میں موجود تمام انرجی جمع کی اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگادیا۔