ایک نیوز:تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی میرے ساتھ والے سیل میں ہیں اورخدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے صدر پرویزالہیٰ کو پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد لاہور ضلع کچہری میں پیش کیا گیا۔اینٹی کرپشن کی جانب پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی اور انہیں ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔
پرویزالہٰی کی میڈیا ٹاک
کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ خدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا، چیئرمین پی ٹی آئی میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، اور آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ جیل میں ملنے آتے ہیں۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ کے کہنے پر ملی ہے،اس الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو گی، ن لیگ کے پاس پورے پاکستان میں الیکشن کیلئے بندے نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو اتنے ووٹ پڑیں گے جس کی کوئی حد نہیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔