توشہ خانہ تفصیلات فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کا معاملہ، اہم پیشرفت سامنے آگئی

توشہ خانہ تفصیلات فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کا معاملہ، اہم پیشرفت سامنے آگئی
کیپشن: In the case of contempt of court for not providing Tosha Khana details, important developments have come to the fore

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے لیکر ابتک توشہ خانہ تفصیلات فراہم نہ کرنے پر سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن سمیت دیگر کے خلاف  توہین عدالت کی درخواست ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے بیان کی روشنی میں نمٹا دی۔ 

تفصیلات کے مطابق جسٹس عاصم حفیظ نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی دوران وفاقی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 1990 سے لیکر ابتک کا توشہ خانہ کا ریکارڈ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔ اس معاملے پر توہین عدالت کی درخواست نہیں بنتی۔ 

دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے کوئی وکیل عدالت پیش نہ ہوا۔ عدالت نے  وفاقی حکومت کے وکیل کے بیان کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔ 

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے لیکر ابتک کے توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم کے باوجود تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ لہذا عدالت سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، سکیشن افسر سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔