ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اوآئی سی کے اجلاس میں نگران وزیراعظم نے نہ صرف فلسطینیوں نے اظہار یکجہتی کیا بلکہ فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے او آئی سی عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں گیارہ نومبر کو ریاض میں شرکت کی۔ نگران وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ نگران وزیراعظم نے اجلاس میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا۔ پاکستان او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ سمٹ کے اعلامیہ کا خیرمقدم کرتا ہے۔ پاکستان اسرائیل کی غزہ میں ہسپتالوں پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں ہسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے۔ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت مختلف وفاقی وزراء سے ملاقاتیں کیں۔ افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت نے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان یونیسکو ایگزیکٹو بورڈ کا 2023-2024 کے لیے ممبر بن گیا ہے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم جاری ہیں۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں زمینوں پر قبضے میں مصروف ہے۔ بھارت نے پلوامہ میں انسانی حقوق کے محافظین کی زمینیں قبضے میں لیں۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان انسداد دہشتگردی کی روک تھام کے لیے اجلاس جاری ہے۔ پاکستان کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری حیدر شاہ وفد کی قیادت کررہے ہیں۔
163 ریٹائرڈ فوجی اور سویلین افسران کو غیر ملکی کرنسی میں پنشن دینے کا معاملہ:
ترجمان نے 163 ریٹائرڈ فوجی اور سویلین افسران کو غیرملکی کرنسی میں پنشن دینے کے معاملے پر اپنے بیان میں بتایا کہ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت یہ معلومات دفتر خارجہ نے ایک درخواست گزار کومہیا کیں۔ ہم نے پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ملکی کرنسی میں پنشن حاصل کرنے والوں کے نام مہیا نہیں کیے۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ پنشن غیرملکی کرنسی میں کیوں مل رہی ہے؟ دفتر خارجہ کا اس سے تعلق نہیں۔ اس معاملے پر اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان سے مؤقف لیا جائے۔
یو این ایچ سی آر کی سابق سفیر انجلینا جولی کے بیان پر ترجمان کا ردعمل:
ترجمان دفتر خارجہ نے یواین ایچ سی آر کی سابق سفیر انجلینا جولی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات غلط فہمی کی بنیاد پر دیے جارہے ہیں۔ پاکستان غیر قانونی طور مقیم افراد سے متعلق کارروائی کررہا ہے۔