ایک نیوز نیوز:لاس اینجلس: پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کو مسلسل دوسرے سال گریمی ایوارڈ کیلئے نامزد کیاگیا ہے
تفصیلات کے مطابق عروج آفتاب پہلی پاکستانی گلوکارہ ہیں جنہوں نے گزشتہ سال گریمی ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کی اور انہوں نے اب ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔گریمی ایوارڈز کیلئے عروج آفتاب کو ایک بار پھر انوشکا شنر کے گانے ’اُدھرو نا‘ کیلیے نامزد کیا گیا ہے۔ جس کے بعد وہ مسلسل دوسری بار گریمی نامزدگی حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں۔
عروج نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی خبر کا تراشہ شیئر کیا جس میں 2023 کے لیے گریمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا۔اس اخباری تراشے میں گریمی کی جانب سے عروج آفتاب کو بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کیٹیگری کیلیے نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر نامزدگی کیلیے رب کا شکر بھی ادا کیا اور بتایا کہ وہ اپنی خوشی کا اظہار الفاظ میں نہیں کرسکتیں۔
عروج آفتاب نے اس پوسٹ کے کیپشن میں نوشکا شنکر کے ساتھ خود کو بھی مبارک باد پیش کی۔گلوکارہ کی اس پوسٹ پر اداکارہ ثروت گیلانی نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’لڑکی تم آگے بڑھو اور خوب کامیابی حاصل کرو‘۔گریمی ایوارڈ کی تقریب 5 فروری کو لاس اینجلس میں منعقد کی جائے گی۔ فاتحین کا انتخاب تقریباً 13,000 موسیقاروں، پروڈیوسروں اور نغمہ نگاروں کے ذریعے کیا جائے گا جن کا تعلق ریکارڈنگ اکیڈمی سے ہے۔