ایک نیوز نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس میں تحریک انصاف کی درخواست پر سیشن عدالت نے فیصلہ سنادیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قاسم علی بھٹی نے سماعت کی۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ وزیرآباد نے تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو قانون کےمطابق درخواست کافیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے عمران خان کے مدعی زبیر نیازی کو اپنا مؤقف پولیس اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے مزید کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے صغری بی بی کیس کی روشنی میں درخواست گزار تفتیشی افسر کے سامنے اپنا مؤقف رکھے۔ تفتیشی افسر اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم درخواست گزار کا مؤقف قلمبند کرے۔
عدالتی حکم پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری خلیق الزمان عدالت پیش ہوئے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اندراج مقدمہ کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں۔ سپریم کورٹ کا حکم واضع ہے جو درخواست پہلے جمع ہو مقدمہ اسی کے مطابق درج ہونا ہے۔
درخواست گزارزبیر نیازی کے وکیل اورنگزیب ماری نے دلائل دیے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزار نے وقوعہ کی درخواست آئی جی آفس کےشکایات سینٹر میں آن لائن درج کرائی۔ آن لائن درج شکایت کےمطابق مقدمہ درج نہیں کیاگیا۔ عدالتی حکم پر ضلعی شکایات افسر وزیرآباد نے جواب جمع کرادیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ وقوعہ کا دہشت گردی کی دفعات کےتحت مقدمہ درج کرلیاگیا اور وقوعہ کی تحقیقات کےلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ضلعی شکایات افسر کے مطابق درخواست گزار اپنے تحفظات کےلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم سے رجوع کرسکتا ہے۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم قانون کےمطابق درخواست کاجائزہ لے گی۔