فرح گوگی کی گرفتاری سے متعلق بڑی خبرآگئی

فرح گوگی کی گرفتاری سے متعلق بڑی خبرآگئی
کیپشن: فرح گوگی کی گرفتاری سے متعلق بڑی خبرآگئی

ایک نیوز نیوز: وزیراعظم میاں شہباز شریف کے معاونِ خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ملوث فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرینگے اور انھیں دبئی سے واپس لائینگے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ملنے والا تحفہ صرف گھڑی نہیں پورا سیٹ تھا، تحفے میں دی گئی ڈائمنڈ کی یہ گھڑی منفرد ہے، یہ دنیا میں واحد گھڑی ہے جس کے ساتھ کا کوئی دوسرا پیس نہیں، ایسی گھڑی خصوصی بنوائی جاتی ہے، اس گھڑی میں ہیرے سے خانہ کعبہ کا ڈیزائن بنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دوست ممالک سے ملنے والے تحائف کہاں کہاں بیچے گئے اس کی تفصیلات ہیں، اویلیو ایشن پیپر میں گھڑی کی قیمت ایک ارب 70 کروڑ روپے بنتی ہے، جب کہ گھڑی کی قیمت اب 2 ارب روپے سے زیادہ ہوگی۔

فواد چوہدری کا حوالہ دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ کابینہ ڈویژن نے گھڑی کی قیمت 10 کروڑ روپے لگائی، میں انھیں چیلنج کرتا ہوں کہ اگر وہ گھڑی 10 کروڑ روپے کی ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، ورنہ فواد چوہدری ٹی وی کو اپنی شکل دکھانا بند کریں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ فرح گوگی نے دبئی جاکر گھڑی 35 کروڑ میں فروخت کی، اوراس گھڑی کا 2 کروڑ روپے جمع کرایا گیا جو 10 فیصد بھی نہیں بنتا اور الیکشن کمیشن میں بھی 35 کروڑ روپے کا نہیں بتایا گیا، اب سوال یہ ہے کہ باقی 33 کروڑ روپے کہاں ہیں؟ پی ٹی آئی کو بتانا ہوگا کہ اس گھڑی کے 33 کروڑ روپے کہاں گئے۔اُن کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ یہ گھڑی دبئی پہنچی کیسے، اور عمر فاروق کو کس نے دی، فرح گوگی دبئی میں کیوں ہے، توشہ خانہ کی چیز کو بیچنا جرم ہے، حکومت گھڑی فروخت کے معاملے پر کریمنل کیس دائر کرے گی، اس کی ایف آئی اے سے انکوائری بھی کرائیں گے، یہ بھی ابھی ثابت ہونا ہے کہ گھڑی پہلے توشہ خانہ جمع کرائی یا بیچی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرے گی اور اسے دبئی سے واپس لائیں گے، جو ٹھیکیداروں سے پیسہ لیا جارہا ہے، ایک ایک کرکے ثبوت سامنے آرہے ہیں، گھڑی چوری کیس میں سزا ہوگی، قید بھی ہوسکتی ہے، حکومت کا پہلا مطالبہ ہے کہ فرح کو پاکستان بلائیں اور جو پیسہ غائب کیا ، حقائق سامنے لائیں، اس میں ثابت کرنے والی چیز ہی کوئی نہیں اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، اس کیس میں ڈس کوالیفکیشن اورسزا ملے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ دوسروں کو چور چور ڈاکو ڈاکو کے راگ الاپنے والے آج اپنے کارنامے کا بتائیں، حیرت ہے سعودی ولی عہد کی جانب سے خانہ کعبہ کے ڈیزائن والی گھڑی آپ بیچ دیتے ہیں، دنیا کو کیا منہ دکھائیں گے ہمارا وزیر اعظم گھڑی تک بیچ دیتا ہے، عمران خان نے متعدد دورے کیے، 5 کے تحائف ظاہر نہیں کیے گئے، بنی گالہ کی تلاش لیں تو بڑی چیزیں نکلیں گی، آپ نے وزارت سائنس کی پانی کی بوتل نہیں چھوڑی، پانی کی بوتلوں کے کاٹن گھر لے گئے، عمران خان فوری پارٹی قیادت چھوڑ دے۔

عمران خان پر حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان پر گولی چلانے والے نوید نامی ملزم نے اعتراف جرم کیا لیکن اسے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، عمران خان کے پرفائرنگ واقعے کا میڈیکل کیوں نہیں کرایا گیا، معظم نامی شخص عمران خان کے گارڈ کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا، عمران خان پر فائرنگ واقعے کی ایف آئی آر پرویز الہیٰ اوریٹے پر درج ہونی چاہیے۔