ایک نیوز نیوز: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو مسجد نبویؐ واقعے میں بے گناہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے مسجد نبویؐ کے افسوسناک واقعے پر شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے پر سماعت کی۔تفتیشی افسر نے شیخ رشید اور راشد شفیق کو توہین مذہب مقدمے میں بے گناہ قرار دے دیا۔عدالت نے شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کی جانب سے دائر درخواستیں مقدمہ خارج کرنے نمٹا دی۔
عدالت نے شیخ رشید اور راشد شفیق کو درج مقدمات سے متعلق ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف مسجدِ نبویﷺ واقعے پر ایک ہفتے میں واقعے کی فوٹیج میں نظر آنے والے تمام افراد کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے قرار دیا تھا کہ مسجد نبویﷺ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری تک شیخ رشید کا مقدمہ خارج نہیں کریں گے۔
مسجدِ نبوی ﷺ میں کیا واقعہ پیش آیا؟
واضح رہے کہ 28 اپریل کو سیاسی مخالفت کے جنون میں مذہبی مقام کے تقدس کی پامالی کا واقعہ پیش آیا تھا، وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیرِ نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی مسجدِ نبوی ﷺ آمد کے موقع پر بے ہودہ آوازیں کسی گئیں۔ دونوں وزراء کو غدار اور چور کہہ کر ان کا پیچھا کیا گیا۔ایک شخص نے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کے سر کے بال نوچ لیے تھے۔