ایک نیوز نیوز: برطانیہ کے وزیر ماحولیات کو ایک 11 سالہ ماحولیاتی کارکن بچی کے سوالوں سے جان چھڑا کر بھاگنا پڑا ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری کاپ 27 کانفرنس کے موقع پر زیک گولڈ اسمتھ کا سامنا ایک 11 سالہ موسمیاتی کارکن لیسیپریا کینگوجام سے ہوا تو ننھی بچی نے ان سے سوالات شروع کردیے۔
اس ملاقات کی ویڈیو لیسیپریا نے ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ میں نے زیک گولڈ اسمتھ سے پوچھا کہ آپ جیلوں میں بند موسمیاتی کارکنوں کو کب رہا کریں گے، جنہیں حکومت نے تیل اور گیس کے نئے لائسنس کے اجراء کے خلاف احتجاج پر گرفتار کیا تھا؟
جس پر زیک گولڈ اسمتھ نے جواب دیا نو آئیڈیا اور اپنی جان چھڑا کر بھاگنے لگے، جس پر لیسیپریا نے انکا پیچھا کیا اور سوالات کرتی رہیں۔ بحث کے دوران ایک خاتون سرکاری اہلکار نے لڑکی کو روکنے کی کوشش بھی کی۔
ٹوئٹر پر شیئر ویڈیو میں گفتگو کی آواز ٹھیک سنائی نہیں دے رہی لیکن ننھی ماحولیاتی کارکن کا کہنا ہے کہ زیک گوڈ اسمتھ نے جاتے جاتے کہا؛ میں اس سلسلے میں کچھ نہیں کر سکتا۔
اس پر لیسیپریا نے کہا: ’اگر وہ کچھ نہیں کر سکتے تو پھر وزیر کیوں ہیں اور کوپ 27 میں کیوں آئے ہیں؟