ایک نیوز : یو این ای پی نے پلاسٹک آلودگی کی رپورٹ میں ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے سنگل یوز پلاسٹک کا استعمال کم کرنے پرزور دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2040 تک پلاسٹک سے ہونے والی 80 فیصد عالمی آلودگی کی روک تھام ممکن ہے، مگر اس کے لیے بڑے پیمانے پر عملی اور کم خرچ حکمت عملیوں کو اپنانا ہوگا۔3 نکاتی منصوبے پر بھی روشنی ڈالی گئی جس کے تحت مواد کی ری سائیکلنگ اور استعمال کے طریقہ کار میں تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔
عالمی ادارے کے مطابق اس منصوبے سے ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کی پروڈکشن میں 50 فیصد کمی لانا ممکن ہے۔عالمی سطح پر 2040 تک خارج ہونے والی 19 فیصد زہریلی گیسوں کا اخراج پلاسٹک کی وجہ سے ہوگا۔
خیال رہے کہ پلاسٹک کے ننھے ذرات دنیا کے ہر حصے میں یعنی ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سے لے کر سمندر کی گہرائی تک دریافت ہوئے ہیں۔انسانوں میں بھی پلاسٹک کے ذرات کو خون، ماں کے دودھ اور دیگر اعضا میں دریافت کیا گیا، تاہم ابھی ان کے اثرات کے بارے میں زیادہ علم نہیں۔
مارچ 2022 میں 193 ممالک نے پلاسٹک کی آلودگی کے خاتمے پر اتفاق کیا تھا اور اس حوالے سے 2024 تک معاہدہ بھی طے پانے کا امکان ہے۔اس معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ یو این ای پی کے زیرتحت 29 مئی سے شروع ہو رہا ہے۔
اس وقت دنیا بھر میں ہر سال 43 کروڑ ٹن پلاسٹک مصنوعات کو تیار کیا جاتا ہے جن میں سے دو تہائی مصنوعات کی زندگی مختصر ہوتی ہیں جس کے بعد وہ کچرے کا حصہ بن جاتی ہیں۔