ایک نیوز :سابق کپتان لیجنڈری آل راونڈرشاہد خان آفریدی نے 9مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کردی۔
سابق کپتان شاہد آفریدی کاکہنا تھا کہ سیاست دان اس حقیقت کو کیوں نہیں مانتے کہ پاک فوج ہےتو ہم ہیں،ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ پاک فوج ہمارے لئے دن رات جاگتی ہے،پاک فوج کی اس ملک کے لئے بہت قربانیاں ہیں،فوج کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے ملک کو خود ہی جلا دیتے ہیں خود ہی اس کے دشمن بن جاتے ہیں،ہم سب کو مان لینا چاہیے کہ پاک فوج ہی ہماری حقیقت ہے،پاک فوج کے جوانوں کے والدین اپنے بچوں کوہماری حفاظت کیلئے بھجواتے ہیں۔ پاکستان میں مثبت بولنے پربھی بہت تنقید شروع ہوجاتی ہے،بدتمیزی ،گالم گلوچ کی وجہ سے کوشش یہی ہوتی ہے کہ سائیڈ پرہوجاؤں اورکوئی بات نہ بولوں،اخلاقیات کا دامن چھوڑ کر بدتمیزی کی وجہ سے میں نے کوئی بات نہیں کی۔
سابق کپتان نے کہا کہ میں بہت قسمت والا ہوں اللہ نے مجھے آزاد ملک میں پیدا کیا ہے، میرے بچے مجھ سے سوال پوچھتے ہیں کہ بابا کیوں اس ملک میں آگ لگ رہی ہے ،لیکن بچوں کوجواب دینے کے لئے میرے پاس الفاظ موجود نہیں ہیں۔