ملک دشمنوں کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی ،قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں اتفاق

May 16, 2023 | 17:49 PM

ایک نیوز : قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے پر تشدد مظاہروں اور ملک دشمن عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت مسلح افواج کے سربراہان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان، وزیر اعلیٰ پنجاب سیّد محسن نقوی کے علاوہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ انٹیلی جینس کی بنیاد پر حالیہ آپریشنز کو بھی فورم نے سراہا۔اجلاس میں اداروں کے خلاف بیرونی اور اندرونی پروپیگنڈے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ فوجی قیادت کے خلاف پروپیگنڈا پاک فوج اورعوام کے درمیان ربط ختم کرنے کی سازش ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی میں عزم کا اظہار کیا گیا کہ مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی جبکہ سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ سیاسی جماعت کے شرپسندوں نے طے شدہ منصوبے کے تحت یہ سب کیا، واقعات کی ویڈیوز اور شواہد موجود ہیں۔ توڑپھوڑ،جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 5 ہزار سے زائد شر پسند گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے پر اور قانون کے مطابق کارروائی کیے جانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ شر پسندوں کیخلاف کیسز کا جلد فیصلہ کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، فوجی، سرکاری تنصیبات پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ کسی کوبھی ملک کا امن و استحکام داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم سے مسلح افواج کے سربراہان کی ملاقات:

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے بھی شرکت کی۔ جبکہ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر نے بھی وزیراعظم سے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی و داخلی سلامتی اور امن و امان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افواج پاکستان کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ امور پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ آرمی چیف نے اپنے دورہ قطر اور عمان پر بھی وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔

مزیدخبریں