ایک نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان گزشتہ ورلڈکپ کے مقابلے زیادہ بہتر ٹیم ہے، کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور ایسی ٹیم میگا ایونٹ جیت سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر ٹیم مکی آرتھر نے عندیہ دیا ہے کہ ورلڈکپ کی ٹیم میں سرفراز احمد کی شمولیت واضح نہیں ہے لیکن بہت سے کھلاڑی میگا ایونٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ مکی ارتھر نے کہا کہ بابراعظم کی کھیل سے متعلق حکمت عملی بہتر سے بہتر ہو رہی ہے اور وہ اپنی بیٹنگ کو بھی مضبوط کر رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں پاکستان کی کارکردگی تسلی پخش نہیں تھی لیکن ون ڈے سیریز میں اچھا کھیل پیش کیا۔
مکی آرتھر نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کرکٹ سے متعلق میرے پاس کئی منصوبے ہیں۔ نجم سیٹھی اور میرے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں اگر نجم سیٹھی نہ ہوتے تو میں ٹیم ڈائریکٹر بھی نہ ہوتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خبریں سامنے آئیں تھی کہ پاکستان کو 2017 میں چیمپینز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد سے قومی کرکٹ ٹیم کے نو منتخب ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے نے رابطہ کیا ہے۔