ایک نیوز : پی ایس ایل8 کا فائنل اتوار کے بجائے ہفتے کو شیڈول کردیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے فائنل کی تاریخ بارش کے خطرے کے سبب تبدیل کردی گئی ہے اور اب لیگ کا فائنل اتوار کے بجائے ہفتے کے روز ہو گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں لیگ کے فائنل کی تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے فائنل پر بارش کا خطرہ منڈلا رہا ہے اور پی سی بی کے ساتھ ساتھ فرنچائزیں بھی فکرمند ہیں کہ فائنل کو بارش کی وجہ سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 19 مارچ بروز اتوار کو شیڈول فائنل میچ اب 18مارچ بروز ہفتہ کو کھیلا جائے گا اور پہلے سے خریدے گئے ٹکٹ ہفتے کے روز ہونے والے فائنل میچ میں بھی استعمال ہو سکیں گے۔
Rain looms over the HBL PSL 8 Final. @TheRealPCB and Franchises are anxious that the Final should not be disrupted. Therefore, we have decided to reschedule the HBL PSL Final from 19 Mar '23 to Saturday, 18 Mar '23. Tickets already purchased for the Final will remain valid.
— Najam Sethi (@najamsethi) March 16, 2023
کرک انفو کے مطابق پی سی بی نے یہ فیصلہ بارش کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا اور اتوار اور پیر کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔بارش کے پیش نظر اگر فائنل میچ ہفتے کے روز مکمل نہ ہو سکا تو اتوار اور پیر کے روز مکمل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے اور لگاتار تیسرے ایونٹ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔