زمان پارک پولیس آپریشن: پی ٹی آئی نے املاک کے نقصان کی تفصیل جاری کردی

Mar 16, 2023 | 16:29 PM

ایک نیوز: پی ٹی آئی نے زمان پارک پر پولیس آپریشن کے دوران کارکنوں کی املاک کو پہنچائے جانے والے نقصان کی تفصیل جاری کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز محمود نے بتایا ہے کہ زمان پارک میں آپریشن کے دوران پولیس کی جانب سے کارکنوں کے 100 سے زائد موٹرسائیکل جلائے گئے۔ آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں نے کارکنوں کے 500 سے زائد موبائل فون بھی زبردستی چھین لیے۔

پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری زبیر نیازی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف لاہور پولیس کے اس رویے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ تحریک انصاف کے کارکن تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں۔

سیکرٹری اطلاعات اویس یونس نے بتایا کہ درجنوں کارکن ابھی بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔ موٹرسائیکل جلانے اور موبائل فون قبضے میں لینے والوں کے خلاف نشاندہی کے بعد قانونی کارروائی کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف لاہور گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔

مزیدخبریں