ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں افواجِ پاکستان کے پیشہ ورانہ امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبہ سندھ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ تھر کول کے منصوبے سے نا صرف ملک میں توانائی کی ضرورت پوری ہوگی بلکہ علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
وزیراعظم سے گورنر بلوچستان کی ملاقات:
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کے انتظامی امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور فلاح و بہبود وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی نا مکمل ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی وزیراعظم سے ملاقات:
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر فوزیہ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور حکومت پاکستان سے درخواست کی کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے بھرپور کوششیں کی تھیں۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر عافیہ کے لیے انصاف کے حصول میں ڈاکٹر فوزیہ کی کئی سالوں سے انتھک کوششوں کو سراہا اور ڈاکٹر عافیہ کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ کی خیریت اور ان کی جلد رہائی کے لیے امریکی حکومت کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ممتاز صحافی مسعود اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار:
وزیراعظم نے ممتاز صحاری مسعوداللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئےمرحوم کی بلندی درجات کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم مسعود اللہ خان کی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔