ایک نیوز: سابق صوبائی وزیر پنجاب رانا اعجاز نون کے صاحبزادے امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 221 رانا طلال نون نے ویگو گاڑی موٹر سائیکل سوار فیملی پر چڑھا دی جس سے خاتون اور 6 ماہ کے بچے سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے،
رپورٹ کے مطابق سابق صوبائی وزیر پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا اعجاز احمد نون کے صاحبزادے امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 221 رانا طلال نون نے چھجو شاہ کے قریب اپنی تیز رفتار ویگو گاڑی موٹر سائیکل سواروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے نتیجے میں 20 سالہ رمضان 25 سالہ سائرہ اور چھ ماہ کا احمد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ تینوں زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر ڈاکٹرز نے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق امیدوار صوبائی اسمبلی رانا طلال نون کی گاڑی تیز رفتار تھی ذرائع کے مطابق معاملہ کو دبانے کے لیے سیاسی اثر رسوخ استعمال کر کے ورثا کو منانے کی کوشش کی جارہی ہے دوسری جانب سابق ن لیگی صوبائی وزیر پنجاب رانا اعجاز احمد نون سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا گاڑی بیٹا طلال نون کی بجائے ڈرائیور چلا رہا تھا.جب اس حوالے سے پولیس کاروائی کی بابت ایس ایچ او تھانہ سٹی سعید ملک سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کال نہیں اٹھائی.