ایک نیوز: محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگئی ہیں جس کے بعد ملک کے بیشترعلاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے موسم خوشگوارہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان بھی ہے۔
خیبرپختونخواہ کے بیشتراضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ سوات، دیر، چترال، ملاکنڈ، پشاور، کوہستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ہزارہ ڈویژن، وزیرستان، ڈی آئی خان، بنوں میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے جس کے ساتھ ہی پنجاب میں خطہ پوٹھوہار، ڈی جی خان، بہاولپور، ملتان، مری اور گلیات میں بارش کا امکان بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور کوئٹہ، ژوب، چمن، زیارت، خضدار، قلات، نوشکی اورنصیر آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 24گھنٹے میں دادو، سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، سانگھڑ، عمرکوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد میں بھی بارش متوقع ہے۔
شہر قائد کے مضافاتی علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے شہر کا مطلع جزوی ابر آلود ہے۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے،کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہے۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔جنوب مغربی سمت سے ہوا کی رفتار 8 ناٹیکل مائل ہے۔