ویب ڈیسک:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فون کیا اور عید کی مبارک باد دی۔
وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان آج ٹیلیفونک گفتگو ہوئی،جس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو سراہا جو مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
پی ایم ہاؤس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور ترک صدر نے خطے اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ ء خیال کیا۔ انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کے لیے امن کی کوششوں کو دوگنا کرے۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات اور آنے والے دنوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ثبوت تھی۔ اس مقصد کے لیے، وزیراعظم نے صدر اردگان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا تاکہ اس موقع پر اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کنسلٹیٹو کونسل کا ساتواں اجلاس بلایا جا سکے۔