پنجاب کے عوام وزیراعلی مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن

مریم نواز کے بطور وزیراعلیٰ 100دن مکمل ،سرورے رپورٹ جاری
کیپشن: Maryam Nawaz completes 100 days as Chief Minister, Sarore report released

ایک نیوز: مریم نواز  پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں ۔ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ نے پنجاب حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر سروے رپورٹ جاری کر دی  .

تفصیلات کے مطابق سروے میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے 18 سال سے زائد عمرکے 2010 افراد سے رابطہ کیا گیا۔سروے میں 65 فیصد مرد اور 35 فیصد خواتین شامل تھیں۔سروے میں شامل افراد کی اکثریت 60 فیصد تعداد دیہی آبادی جبکہ 40 فیصد شہری آبادی پر مشتمل تھی۔

سروے میں شامل 55 فیصد شہریوں نے حکومت کی 3 ماہ کی کارکرگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 35 فیصد افراد صوبائی حکومت کی کارکردگی سے غیر مطمئن تھے۔

حکومتی کارکردگی پر عدم اعتماد کرنے والوں کی شرح شہروں کے مقابلے میں دیہی علاقوں میں زیادہ ہے۔ان افراد کی 51 فیصد تعداد کو کارکردگی میں بہتری کی کوئی امید نہیں ہے۔حکومتی کارکردگی سے متعلق سوال پر 10 فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور سروے میں 60 فیصد نے 3 ماہ میں ان کی مقبولیت میں اضافے اور 37 فیصد نے کمی کا اظہار کیا۔سروے میں 53 فیصد افراد نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات کو مؤثر قرار دیا۔

جبکہ 34 فیصد نے غیر مؤثر اور 13 فیصد نے کوئی رائے نہیں دی۔ 44 فیصد نے پنجاب حکومت کے روٹی کی قیمت میں کمی کے فیصلے کو سراہاجبکہ 11، 11 فیصد نے موبائل کلینک اور سولر پروگرام کی تعریف کی۔