عید پر پنجاب میں جانوروں کی آلائشیں نہروں، نالوں میں پھینکنے پر پابندی عائد

Jun 16, 2024 | 16:27 PM

ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں عید الاضحی کے انتظامات اور سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔
  اجلاس میں جانوروں کی آلائشیں نہروں او رنالوں وغیرہ میں پھینکنے پر پابندی عائد کرکے پنجاب میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے،عید الاضحی پر سری پائے بھوننے کے غیر قانونی کاروبار پر بھی دفعہ 144کے تحت پابندی عائد ہو گی۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے صوبائی،ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل لیول کنٹرول روم مزید فعال کرنے کابھی حکم دیا ہے،لاہور میں عملہ خود گھر گھر جاکر بائیوڈی گریڈ ایبل بیگ میں بند جانوروں کی آلائشیں اٹھائے گا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قربانی کے بعدشہر بھر کی سڑکو ں کو دھویا جائے گا،چونا ڈالا جائے گا اور سپرے ہوگا، پنجاب میں 294 مقامات پر جانوروں کے لئے سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، پنجاب بھر میں ڈرین اورمین ہول وغیرہ کو آلائشیں ڈالنے کیلئے رکھا جائے گا۔
اجلاس میں 2600مساجد اور 900عید گاہوں پر سکیورٹی کے انتظامات پر بھی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ سکیورٹی انتظامات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم بھی دیا گیا ہے،عید گاہو ں میں گرمی کے پیش نظر مسٹ فین اور پنکھے لگانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نگرانی کے لئے کیمرے او رچیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے ،پارکس میں بچوں کے لئے جھولوں اور سلائیڈز کی انسپکشن کا حکم ، پارکوں میں نصب جھولوں کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے اور حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے، جہاں اندیشہ ہو سکیورٹی بڑھائیں، عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گےلاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال اور اسلحہ نمائش پر پابندی یقینی بنائی جائےمویشی منڈیوں، بازاروں او رمارکیٹوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں ، مویشی منڈیو ں میں صفائی، شیڈ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سپرے کیا جائے۔
اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگز یب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت،معاونین خصوصی راشد نصر اللہ، ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹریز اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز او رڈپٹی کمشنر ز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزیدخبریں