ویب ڈیسک:اس سال حج میں سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے سعودی عرب کی حکومت نے عرفات میں حجاج کرام کی آمد کے دوران کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ( اے آئی) ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا ہے۔
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے مقدس شہر مکہ اور دیگر مقدس مقامات کے علاقے میں 8 ہزار کیمروں کے ذریعے ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا۔
میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ کیمرے 500 سے زائد مقامات پر اس لیے نصب کیے گئے ہیں تاکہ حج کے دوران سیکیورٹی برقرار رکھنے، ہجوم کو دیکھنے، ٹریفک کنٹرول کرنے اور ہنگامی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے حقیقی وقت پر نگرانی کی جائے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جدید ٹیکنالوجیز سے لیس ہے اور میدان میں موجود فورسز کے ساتھ ہر وقت رابطہ میں رہ کر کام کرتا ہے، یہ سیکیورٹی فورسز کیساتھ کام، حجاج کی فوری نگرانی اور سیکیورٹی منصوبے پر مکمل طور پر عمل درآمد کے لیے براہ راست منسلک ہے۔
یہ سینٹر مسجد الحرام میں سیکیورٹی آپریشنز سینٹر اور یونیفائیڈ آپریشنز سینٹر 911 سے بھی منسلک ہوتا ہے اور یہ سینٹر جدید ٹیکنالوجیز اور جدید اے آئی ایپلی کیشنز کے ذریعے کام کرتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کے لیے جنرل سیکیورٹی اور سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجینس اتھارٹی کے درمیان اشتراک ہے تاکہ حجاج کو عبادات کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ضروری ڈیٹا اور آگاہی کے ذریعے مکہ میں حج سیکیورٹی فورسز کا تنظیمی مشن اور مقدس مقامات کی سیکیورٹی کے لیے تعاون کیا جائے۔
حج میں سیکیورٹی کے انتظامات کیلئے اے آئی کا استعمال
Jun 16, 2024 | 15:07 PM