نوازشریف کی مرضی کےبغیرشہبازشریف نے کبھی کوئی فیصلہ نہیں کیا،مریم نواز 

Jun 16, 2023 | 17:56 PM

ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی نومنتخب چیف آرگنائزاور سینئرنائب صدر مریم نواز کاکہناہے کہ نوازشریف کی مرضی کے بغیر شہبازشریف نے کبھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

مسلم لیگ ن کی نومنتخب چیف آرگنائزاور سینئرنائب صدر مریم نواز کاجنرل کونسل اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ دل کی گہرائیوں سے شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔شہبازشریف نے کتنی مشکل سے اتحادی حکومت کو چلایا۔ پاکستان کی ڈولتی کشتی کو شہبازشریف نے سہارا دیا۔2022میں پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا ۔ہمیں 2022میں لٹا پٹا پاکستان ملا تھا ۔شہبازشریف اور اسحاق ڈار نے مشکل ترین حالات میں ملک کو چلایا اور ڈیفالٹ کو بچایا۔

مریم نواز کاکہنا ہے کہ جنرل کونسل کے نومنتخب ارکان کو  مبارکباد پیش کرتی ہوں۔آپ سب نے چٹان کی طرح پارٹی کا ساتھ دیا ۔نوازشریف ہر کارکن کے دل میں بستے ہیں ۔کارکنوں نے مشکل وقت میں ساتھ نہ دیا ہوتا تو پارٹی آج یہاں نہ کھڑی ہوتی۔

سینئرنائب صدر مریم نواز  کاکہنا ہے کہ شہبازشریف نے نوازشریف کو ہمیشہ اپنا صدر مانا۔نوازشریف نے ن لیگ کو ڈرائنگ روم سے منتخب ہو کر ایک عوامی جماعت بنایا۔مسلم لیگ ن قائد کی جماعت اور پاکستان بنانے والی جماعت ہے ۔مسلم لیگ ن قائد کی وراثت کی امین ہے۔ شہبازشریف نے نوازشریف کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ترقی کا کوئی منصوبہ اٹھا کر دیکھ لیں اس پر مسلم لیگ ن کی مہر لگے ملے گی۔اگر نوازشریف کے 9سال نکال دیئے جائیں تو کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچتا ۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو بنانے والے ہاتھ کبھی ملک کو توڑ نہیں سکتے ۔نوازشریف نے کبھی کارکنوں کو پیٹرول بم نہیں پکڑایا یا کہا ہو کہ املاک کو جلا دو ،نقصان پہنچادو۔نوازشریف نے کسی کو بسیں جلانے کیلئے نہیں کہا ۔نوازشریف نے مشکل وقت میں کبھی کسی ملک کو آواز نہیں لگائی کے میرے حق میں بولو یا سینیٹرز کو نہیں کہا کہ میرے حق میں بولو۔نوازشریف نے مشکلات کے باوجود ملکی مفاد کا سودانہیں کیا شاندار مثال ایٹمی دھماکے ہیں جس میں امداد کی آفر  آئی۔دھمکیاں بھی ملیں مگر انہوں نے ملک و قوم کے بہتر مفاد میں فیصلہ کیا۔

سینئرنائب صدر مریم نواز  کاکہنا ہے کہ اکثر خطاب کے دوران جذباتی ہو جاتی ہوں تو نوازشریف کا پیغام آتا ہے کہ بہتر تحمل سے بات کرو۔

مزیدخبریں