چینی صدر نے بل گیٹس کو 'دیرینہ دوست' قرار دیدیا

Jun 16, 2023 | 16:00 PM

ایک نیوز: چین کے صدر شی جِن پِنگ نے بِل گیٹس کو ’دیرینہ دوست‘ قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مل کر چین اور امریکہ دونوں کے لیے سود مند سرگرمیوں کا آغاز کرسکتے ہیں۔ 

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے صدر شی جِن پِنگ سے ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی بِل گیٹس نے جمعے کو بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران چینی صدر نے بِل گیٹس سے کہا کہ تین سال بعد ان کو دیکھ کر خوشی ہوئی اور ساتھ میں یہ بھی کہا کہ وہ ’رواں برس پہلے امریکی دوست سے ملاقات کر رہے ہیں۔‘

چین کے صدر نے کہا انہیں امید ہے کہ چین اور امریکہ کی دوستی جاری رہے گی۔

چین کے صدر نے بِل گیٹس سے ڈایوتائی سٹیٹ گیٹس ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ جہاں وہ عموماً سرکاری مہمانوں سے ملتے ہیں۔

صدر شی جِن پِنگ اور بِل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرپرسن بل گیٹس سے ملاقات ایسے موقع پر ہوئی جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا بھی دورہ چین متوقع ہے۔

گزشتہ چار برسوں میں بِل گیٹس کا یہ پہلا چین کا دورہ ہے۔ بِل گیٹس کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔

مزیدخبریں