ایک نیوز: سردار لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کے کیس میں گھر کے باہر سے گولیوں کے مزید4 خول برآمد کر لئے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گھر کے مین گیٹ پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں ، گھر کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے تاحال ملزمان کا سراغ نہیں ملا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے درخواست آنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔
لاہور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کو فوری ملزم گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور شواہد کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ سابق گورنر پنجاب اور رہنما پیپلز پارٹی لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ لطیف کھوسہ کے مطابق نامعلوم افراد ان کے گھر پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جس سے ان کا ڈرائیور جاوید مزمل زخمی ہوا ہے۔ گیٹ اور گاڑی پرفائرنگ کے نشانات موجود ہیں، پولیس نے گولیوں کے خول اپنے قبضےمیں لے لیے ہیں۔فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تفتیش شروع کردی تھی۔