بائپر جوائے کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کیلئے قومی کاوش کی، خرم دستگیر

Jun 16, 2023 | 13:16 PM

ایک نیوز: وزیرتوانائی اور لیگی رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ کراچی کے 70 فیصد صارفین کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ عوام کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بائپر جوائے کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے قومی کاوش کی ہے۔ ملک بھر سے 2 ہزار سے زائد اہلکار حیدرآباد اور دیگر مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کی عوام کا بھی خیال رکھا جائے گا۔  اس وقت کراچی کے 70 فیصد صارفین کے لیے بجلی کی فراہمی مکمل جاری ہے۔ بائپر جوائے کی وجہ سے کراچی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کو بجلی کی فراہمی مسلسل جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بائپر جوائے سمندر سے نکل کر زمین پر آچکا ہے۔ بائپر جوائے سے ہونے والے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ سمندری طوفان خطرناک صورتحال سے نکل چکا ہے۔ 

وزیرتوانائی نے بتایا کہ دو دن پہلے ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی تھی۔ ایل این جی کی سپلائی میں ایک جہاز کے الیکٹرک کا بھی تھا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کو اضافی گیس فراہم کی۔ جس سے اب صورتحال بہتر ہے۔ انڈسٹریز کو بھی گیس کی سپلائی ہورہی ہے۔

مزیدخبریں