توشہ خانہ کیس، چیئر مین پی ٹی آئی نے تحریری جواب جمع کروا دیا

Jun 16, 2023 | 16:24 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  توشہ خانہ سکینڈل کی نیب انکوائری میں چیئرمین تحریک انصاف نے نیب کو تحریری جواب جمع کروا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  چیئرمین تحریک انصاف نے بیرسٹر گوہر کے ذریعے تحریری جواب جمع کروا دیا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے توشہ خانہ انکوائری میں نیب کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق 50 کروڑ روپے سے کم رقم کے کیس پر نیب کا دائرہ اختیار نہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے نیب سے پیش ہونے کیلئے 19 جون تک وقت مانگ لیا ہے۔  تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ آج پیش نہیں ہو سکتا، نیب بلائے تو 19 جون کو پیش ہو جاؤں گا۔توشہ خانہ کے تحائف کی قیمت کا تعین کابینہ ڈویژن کا کام ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے بطور وزیراعظم تحائف کی مالیت کا تعین نہیں کرایا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام درست نہیں ہے۔

نیب نے چیئرمین تحریک انصاف پر تحائف کی مالیت کا تعین پر اثرانداز ہونے کا الزام عائد کیا تھا ۔

قبل ازیں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی نے آج نیب راولپنڈی میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔قومی احتساب بیورو  نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بطور ملزم متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ آج گیارہ بجے طلب کر رکھا تھا۔پی ٹی آئی چیئرمین کو بھیجے گئے طلبی کے نوٹس میں کہا گیا کہ آپ نے فئیر پرائس تجزیہ کروائے بغیرتحائف اپنے پاس رکھے، آپ بطور وزیراعظم تحائف کی قیمت کا تخمینہ لگانے کے عمل پر اثر انداز ہوئے۔

نیب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کو 108 تحائف ملے جن میں سے انہوں نے 58 تحائف توشہ خانہ میں جمع نہیں کروائے۔

مزیدخبریں