آسکر ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکارہ گلنڈا جیکسن چل بسیں

Jun 16, 2023 | 11:27 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکارہ اور  سابق سیاستدان گلنڈا جیکسن 87 برس کی عمر میں چل بسیں۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ گلنڈا جیکسن لندن میں واقع اپنے گھر میں مختصر علالت کے بعد وفات پاگئیں۔ اداکارہ نے حال ہی میں دوسری جنگ عظیم کی حقیقی کہانی پر بننے والی فلم ’ دی گریٹ ایسکیپر‘ کی عکس بندی مکمل کی تھی جس میں انہوں نے برطانوی اداکار مائیکل کین کے ساتھ کام کیا تھا۔

  گلنڈا جیکسن نے 1970 میں مصنف ڈی ایچ لارنس کے ناول پر مبنی فلم ’ویمن ان لو‘ کیلئے اور 1973 میں فلم ’اے ٹچ آف کلاس‘ میں نمایاں کارکردگی کے لئے بہترین اداکارہ کا آسکر اعزاز اپنے نام کیا تھا۔اس کے علاوہ گلنڈا جیکسن 1992 میں لندن کے اپنے مقامی حلقے سے لیبر ایم پی منتخب ہوئی تھیں۔

بعدازاں اداکارہ نے 1997 سے 1999 میں ٹونی بلیئر کی حکومت کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ان کے لواحقین میں ان کا ایک بیٹا 54 سالہ معروف برطانوی کالم نگار ڈینیئل پیئرس جیکسن ہوجز ہے۔

مزیدخبریں