امریکی سینیٹ کی پہلی مسلمان خاتون کو فیڈرل جج مقرر

Jun 16, 2023 | 10:48 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: امریکی سینیٹ نے پہلی مسلمان خاتون نصرت جہاں چوہدری کو فیڈرل جج مقرر کرنے کی توثیق کردی۔

رپورٹ کے مطابق نصرت جہاں چوہدری کی نیو یارک میں وفاقی جج کے طور پر تقرری امریکی مسلم کمیونٹی کے لیے خوشی کی بات ہے۔ امریکی گروپوں نے سینیٹ سے وفاقی جج کیلئے پہلی مسلمان خاتون جج کی توثیق ہونے پر جشن بھی منایا۔نصرت جہاں چوہدری بنگلا دیشی نژاد امریکی ہیں اور امریکی سینیٹ سے توثیق کے بعد وہ زاہد قریشی کے بعد فیڈرل جج کے طور پر کام کرنے والی دوسری مسلمان ہوں گی۔

واضح  رہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے نصرت جہاں چوہدری کو جنوری 2022 میں نامزد کیا تھا۔ سماجی انصاف، شہری آزادی اور مسلم حقوق کے متعدد گروپوں نے ان کی نامزدگی کی حمایت کی تھی۔ امریکی سینیٹ نے جمعرات کو نصرت جہاں کی تقرری کی توثیق کے لیے ووٹ دیا اور وہ نیو یارک کے مشرقی ضلع کے لیے امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کی وفاقی جج کے طور پر خدمات انجام دیں گی۔

امریکا میں قائم گروپ مسلم ایڈووکیسی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمر فرح نے اپنے بیان میں کہا کہ نصرت چوہدری نے اپنے کیریئر میں اس بات کو یقینی بنایا کہ قانونی نظام کے ذریعہ تمام لوگوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے۔

مزیدخبریں