ایک نیوز: میئر ڈپٹی میئر کراچی کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین کے نہ آنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی ہدایت پر 11رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
مذکورہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن سندھ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ علی پلھ نے جاری کیا ۔ کراچی کے پارلیمانی لیڈر پر مشتمل 11 رکنی کمیٹی میں مبشر حسن کا اضافہ کیا گیا ہے۔مذکورہ کمیٹی آج شام 5بجے تک تحقیقات کے بعد رپورٹ سندھ کے صدر کے حوالے کرے گی جس میں بتایا جائے گا کہ پی ٹی آئی کے یوسیز چیئرمین وائس چیئرمین ووٹ دینے کیوں نہیں پہنچے۔
کمیٹی پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان،ارسلان گھمن، عطاء اللہ خان ، آفتاب جہانگیر ،فہیم خان، سعید آفریدی، راجا اظہر، ڈاکٹر شہاب امام، ایڈووکیٹ شجاعت علی خان کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی کیلیے حافظ نعیم الرحمان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا تاہم چار روز قبل اس حوالے سے پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمینز کا فارورڈ بلاک سامنے آیا تھا جس نے جماعت اسلامی کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا۔
میئر کراچی کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے دوران 32 ارکان غیر حاضر رہے جن میں سے 31 کا تعلق پی ٹی آئی اور 1 کا ٹی ایل پی سے تھا جبکہ فردوس شمیم نقوی نے حاضر ہونے کے باوجود اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔