گوپی چند نارنگ قیامِ پاکستان سے قبل پاکستان کے صوبے بلوچستان کے شہر دکی میں پیدا ہوئے۔ انہیں اردو ادب سے محبت اپنے والد سے ورثے میں ملی۔ انھوں نے اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز سینٹ سٹیفن کالج دہلی سے کیا۔ انہوں نے دنیا بھر میں مختلف یونیورسٹیوں میں پڑھایا۔ انہیں انڈیا کا اعلیٰ اعزاز پدم بھوشن اور پاکستان کا اعلیٰ سرکاری اعزاز ستارہ امتیاز دیا گیا۔
اپنے علمی تجزیوں اور نظریات سے انھوں نے اردو ادب میں ادبی تنقید کو علم کی ایک مکمل شاخ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انھوں نے اردو کی 400 سالہ فکری اور تہذیبی تاریخ کو اپنی تحقیق اور تنقید کا موضوع بنایا۔
انھوں نے تقریباً 60 کتابیں تصنیف کیں۔ پروفیسرنارنگ کی بنیادی تصنیف ’اردو غزل اور ہندوستانی ذہن و تہذیب‘ کو اردو غزل کی ابتدا کا سراغ لگانے کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔
ان کی تخلیقات ’ہندوستانی قصوں سے ماخوز اردو مثنویاں‘ اور ’ہندوستان کی تحریک آزادی اور اردو شاعری‘ نے نہ صرف اردو نثر اور شاعری کی باریکیوں کو بلکہ سماجی و ثقافتی سیاق و سباق کو بھی سمجھنے میں ایک نئی راہ دکھائی۔