ویب ڈیسک: سابق وزیراعلیٰ پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواسہ رسولؐ کی قربانی کا سبق ہے کہ حق کی حفاظت اپنی جان کی حفاظت سے زیادہ ضروری ہے۔
یوم عاشور پر سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے پیغام دیا کہ امام حسین اور ان کے رفقاء کی قربانی نے قوموں کی بقاء اور زندگی کیلئے تا ابد رہنمائی کی مشعل روشن کی، معرکہ کربلا زہد و تقویٰ اور شجاعت کی ایسی مثال ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امام حسین نے ظالم کی اطاعت کی بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا، نواسہ رسول ﷺکی قربانی کا سبق ہے کہ حق کی حفاظت اپنی جان کی حفاظت سے زیادہ ضروری ہے،جب بھی کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرأت، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کا یہ سبق بھی ہے کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اللہ کے حضور سر خرو ہوا جا سکتا ہے۔