صدر مملکت آصف علی زرداری کا یوم ِعاشورہ پر قوم کے نام پیغام 

صدر مملکت آصف علی زرداری کا یوم ِعاشورہ پر قوم کے نام پیغام 
کیپشن: President Asif Ali Zardari's message to the nation on Ashura Day

ایک نیوز:صدر مملکت آصف علی زرداری  نے یوم عاشور کے حوالے سے قوم کے نام پیغام دیا ہے۔ 

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، امام حسینؓ  اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے ، امام حسین  اور ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے احیاء ، امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، امام حسین  کی شہادت میں امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔ 

امام حسین نے شدید دباؤ ، مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا، امام حسین نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں میں ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا، امام حسین  اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں، آپ نے دین کی خاطر جان اور اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا ،آج اسلام امام حسینؓ اور انکے ساتھیوں کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے ۔ 

آصف علی زرداری کا کہنا تھا میدانِ کربلا میں قربانیاں اہل ِ ایمان کے جذبات کو امتحان وابتلاء کے وقت میں جلا بخشتی ہیں، آج کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام انصاف اور آزادی کیلئے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، فلسطینی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے ۔ 

واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، قوم کی فلاح اور بہتری کی خاطر ذاتی مفادات ایک طرف رکھتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، پوری پاکستانی قوم سے صبراور محنت کرنے ، انصاف کیلئے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں، ہمیں غریبوں اور ناداروں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے ۔ 

صدر مملکت  نے اپنے پیغام میں قوم کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسین کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور   پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوازے ۔ امین