نئے آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کیلئے فنڈنگ کے امکانات میں بہتری آئیگی،موڈیز

نئے آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کیلئے فنڈنگ کے امکانات میں بہتری آئیگی،موڈیز
کیپشن: New IMF program will improve funding prospects for Pakistan, Moody's

ایک نیوز:عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا ہے کہ نئے  آئی ایم ایف  پروگرام سے  پاکستان کیلئے فنڈنگ کے امکانات میں بہتری آئیگی ۔

موڈیز نے پاکستانی معیشت سے متعلق اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ نیا آئی ایم ایف پروگرام فنانسنگ کے معتبر ذرائع فراہم کرے گا اور اس سے پاکستان کیلئے فنڈنگ کے امکانات میں بہتری آئے گی جبکہ ان میں دیگر ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں سے فنڈنگ کا حصول بھی شامل ہے۔

موڈیز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے سماجی تناؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، زیادہ ٹیکسوں اور توانائی کے نرخوں میں مستقبل کی ایڈجسٹمنٹ اصلاحات پر دباؤ ڈال سکتی ہے جبکہ مشکل اصلاحات کو مسلسل نافذ کرنے کا مضبوط انتخابی مینڈیٹ نہ ہونا خطرات پیدا کرسکتا ہے۔ 

موڈیز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی بیرونی فنانسنگ کی ضروریات تقریباً 21 ارب ڈالر ہیں، مالی سال 2026-27 کیلئے تقریباً 23 ارب ڈالر کی مالی ضروریات درپیش ہیں جبکہ پاکستان کے  پاس موجود 9.4 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر اس کی ضروریات سے کافی کم ہیں۔

موڈیز کے مطابق پاکستان کی بیرونی پوزیشن اب بھی نازک ہے، بلند بیرونی مالیاتی ضروریات کے ساتھ اگلے 3 سے 5سال پالیسیوں میں مشکلات درپیش ہونگی، کمزور گورننس اور اعلیٰ سماجی تناؤ حکومت کی اصلاحات کو آگے بڑھانے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتا ہے۔