بنوں چھاؤنی  میں دہشتگردی کا حملہ ناکام بنانے پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا خراج تحسین  

بنوں چھاؤنی  میں دہشتگردی کا حملہ ناکام بنانے پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا خراج تحسین  
کیپشن: Tribute of the President and Prime Minister for thwarting the terrorist attack in Bannu Cantonment

ایک نیوز: بنوں چھاؤنی میں دہشتگردوں کی جانب سے خودکش حملے  میں 8بہادر جوان جاں بحق ہوگئے، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں تمام 10 دہشتگرد مارے گئے۔

 صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ میں دہشتگردی کے واقعہ کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے  شہید جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہےجبکہ  دہشتگردی کی کارروائی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  بھی پیش کیا ہے۔ 

صدر مملکت کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا، پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر ہے، دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔ 

صدر مملکت نے شہداء کے بلندی درجات  اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا ہے۔ 

دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بنوں چھاؤنی پر ایک بڑا دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا  ہے، وزیراعظم کا دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کی تعریف  کی ہےجبکہ بنوں چھاؤنی میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 

محمد شہباز شریف نے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں نائب صوبیدار محمد شہزاد ، حوالدار ظل حسین ، حوالدار شہزاد احمد ، سپاہی اشفاق حسین خان، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت  بھی کیا ہے۔ 

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ،ہم حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر اور جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں،  ہم دہشتگردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔