عمان میں مسجد کے قریب فائرنگ، 2 پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق

عمان میں مسجد کے قریب فائرنگ، 2 پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق
کیپشن: Firing near the mosque in Amman, 5 people including 2 Pakistanis were killed

ویب ڈیسک: عمان کے دارالحکومت مسقط میں وادی کبیر میں مسجد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 2پاکستانی بھی شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز امام علی مسجد میں پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ متعددکے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے وقت مسجد میں مجلس عزا جاری تھی اور 700 سے زائد افراد موجود تھے جن میں زیادہ تعداد پاکستانیوں کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں، تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کی وجوہات پتہ لگانے کیلئے شواہد جمع کر رہے ہیں۔

  دوسری جانب عمان امام بارگاہ پر دہشتگردی کے واقعے میں دو پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

عمان میں پاکستانی سفیر علی عمران چودھری کا کہنا ہے کہ عمان کی حکومت نے اس واقعے میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 2پاکستانی شامل ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ سفارتی عملہ گزشتہ رات ہسپتال میں موجود تھا جب کہ وہ خود عمانی حکام سے رابطے میں ہیں، حکومت امام بارگاہ پر حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔