ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب کے 15 ہسپتالوں میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرحلہ وار پروگرام کے تحت ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم رائج کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایچ ایم آئی ایس کے نفاذ کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
لاہور میں جناح، چلڈرن، میو، سروسز اور جنرل ہسپتال میں ایچ آئی ایم ایس کا نفاذ کیا جائے گا۔ ڈیرہ غازی خان،فیصل آباد، راولپنڈی،گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اوررحیم یار خان کے ہسپتالوں میں بھی ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کیاجائے گا۔ ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا مریض کی رجسٹریشن سے لے کر، اوپی ڈی، پتھالوجی، ریڈیالوجی اور فارمیسی میں رائج کیا جائے گا۔
ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے مریض کے ٹیسٹ، تشخیص اورادویات کا ریکارڈ سنٹرلائزڈ سسٹم پر اپ لوڈ ہوگا۔ سنٹرل الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ سسٹم کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں میں مریض کا ڈیٹا میسر ہوگا۔ ایچ ایم آئی ایس سے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔
نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفارمیشن سسٹم سے مریض کو بہتر او رتیز ترین علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔