ایک نیوز: پرتگال میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنی نوعیت کی منفرد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شاہی رکشوں پر بیٹھ کر ہر طبقہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پرتگال میں ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے پروگرام “ پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ آباد” کا انعقاد کیا گیا۔ ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن پرتگال نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کی لئے “ پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ آباد”کے نام سے پرتگال کے شہر لسبن میں ایک تاریخ ساز پروگرام منعقد کیا۔
اس پروگرام میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی۔ مقررین اور شرکاء نے 9 مئی کے فسادات کی بھر پور مذمت کی اور ریاست و پاک فوج کے ساتھ اپنی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔
شرکاء نے 9 مئی کے مجرموں اور سہولت کاروں کو جلد از جلد سزا دینے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کوئی بھی نظریاتی حدوں کو چھونے کی جرات نہ کر سکے۔ پروگرام کے اختتام پر اوور سیز پاکستانیوں کی تاریخ میں پہلی بار اپنی نوعیت کی ایک منفرد ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں شاہی رکشوں پر سوار زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ذات، برادری اور جنس سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔
یہ ریلی لسبن شہر کے مشہور مقام ٹائم سکوائر پر اختتام پذیر ہوئی۔ جہاں پر پاکستان زندہ باد پاک فوج پائندہ آباد کے فلک شگاف نعروں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔