پی ٹی آئی کی چیئر مین تحریک انصاف کیخلاف چلائی جانے والی خبروں کی شدید مذمت

پی ٹی آئی کی چیئر مین تحریک انصاف کیخلاف چلائی جانے والی خبروں کی شدید مذمت

ایک نیوز:پاکستان تحریک انصاف نےٹی وی چینلز پر خبروں کی صورت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف چلائی جانے والی بیہودہ خبروں کی شدید مذمت  کی۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف  کا کہنا ہےکہ چینلز انتظامیہ خصوصاً مدیران اور ڈائریکٹر نیوز پر صحافت کے قتل میں سہولتکاری سے گریز پر زور  دیں۔قومی میڈیا پر حاوی جبر و فسطائیت اور ریاستی پہرہ داروں کی سفاکیّت و عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔جھوٹ کے سامنے سرنگوں ہونے اور صحافت و اقدار کو متعلق جھوٹ کے سپرد کردینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔صحافت آئین و قانون کے دائرے میں سچ کو معروضیت، غیرجانبداریت اور بلا کم و کاست پیش کرنے کا نام ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہےکہ صحافت حقائق کو کسی لالچ، دباؤ یا جبر کی دہلیز پر ذبح کرنے یا جھوٹ، فریب اور افواہ سازی کی بھینٹ چڑھانے کی ہرگز اجازت نہیں دیتی ہے۔ریاست کے افواہ ساز کارخانوں میں ڈھلنے والی خبریں ملک میں آئین، جمہوریت، سیاست و سماج اور سب سے بڑھ کر خود صحافت کیلئے زہرِقاتل ہیں۔وقت آگیا ہے کہ اہلِ صحافت جبر اور جھوٹ کے سامنے سجدہ ریز رہنے کی بجائے صحافت کو بیڑیوں سے آزاد کروانے کی تدبیر کریں۔بدترین سنسرشپ سے چیئرمین تحریک انصاف کی آواز کو گُم کرنے کی کوششیں کامیاب ہوئیں نہ جعلی خبروں کا جمعہ بازار لگانے سے کچھ فائدہ ہوگا۔بھونڈی مضحکہ خیز خبروں یا افواہوں سے سیاسی طور پر متحرک اور باشعور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ممکن نہیں ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف  کا کہنا ہےکہ چینلز انتظامیہ اور صحافتی فیصلہ ساز نفرت انگیز مہم جوئی کا حصہ بننے کی بجائے ملک میں آزادئ اظہار، پیشہ وارانہ صحافت اور معروضی مکالمے اور مباحثے کا ماحول بحال کرنے میں کردار ادا کریں۔عوام میں مقبولیت اور رائے عامہ پر سواری کی غلط فہمی میں مبتلا ریاستی فیصلہ ساز زنجیروں میں قید میڈیا سے مرضی کی خبریں چلوانے کی بجائے اسے آزاد کریں۔قیدیوں کے لکھے گیتوں یا قصیدوں کی گونج سے دنیا میں آج تک کوئی قوم فتح ہوئی نہ آپ کرپائیں گے۔