ایک نیوز: دھا بیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی لائن پھٹ گئی۔
تفصیلات کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 72 انچ قطر کی پائپ لائن دھماکے سے پھٹنے سےکراچی کو سات کروڑ گیلن سے زائد پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔پائپ لائن پھٹنے سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والے 7پمپ بند ہوگئے ہیں۔جس سے لانڈھی، ملیر ، کورنگی، شاہ لطیف ٹاون، قائد آباد، گلشن حدید، گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں پانی کی قلت ہونے کا امکان ہے
ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہےکہ لائن متاثر ہونے کی اطلاع ملنے پر واٹر کارپوریشن حکام نے موقع پر پہنچ کر متاثر لائن کا معائنہ کیا۔سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نےہدایت کی کہ متاثر لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔چیف انجینئر بلک واٹر کارپوریشن کا کہنا ہےکہ متاثرہ لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا گیا ہے۔متاثر لائن کا مرمتی کام اگلے چوبیس گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔شہر کو پانی کی فراہمی متبادل لائنوں سے جاری ہے۔
واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کر کے جلد پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔واٹر بورڈ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی احتیاط سے استعمال کریں