ایک نیوز: چھانگامانگا میں مون سون کی بارش شہریوں کیلئے رحمت کی بجائے زحمت بن گئی۔ بازاروں میں پانی آجانے اور نکاسی آب نہ ہونے سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق چھانگامانگا شہر اور اس کے گرد ونواح میں صبح دو بجے کے قریب شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کا سلسلہ نا تھم سکا۔ نکاسی آب کا انتظام نا ہونے کے باعث گلیاں بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔
میونسپل کمیٹی چونیاں کا عملہ بھی غائب ہوگیا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف رہے۔ بارش کے تھمنے کے لیے لوگوں نے مساجد میں اذانیں دینا شروع کر دیں۔
بتایا گیا ہے کہ تیز بارش کے باعث گلیاں بازار ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے اور لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ خستہ حال دیواریں اور مکان گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ ایک درجن کے قریب فیڈرز ٹرپ کر چکے ہیں۔