مختلف شہروں میں بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا

کراچی، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں مون سون کی بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
کیپشن: Monsoon rains, heat stress broke in different areas including Karachi, Lahore

ایک نیوز: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار  ہوگیا ہے۔

 آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، شارع فیصل،گارڈن اور  ملیر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں دن کے اوقات میں مطلع جزوی ابرآلود اور  رات میں ابرآلود  رہےگا، کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ  حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ  تک پہنچ سکتا ہے، کم سے کم درجہ حرارت28 ڈگری سینٹی گریڈ  ریکارڈ ہوا ہے، ہوامیں نمی کا تناسب 89 فیصد ہے، جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

 گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا ، پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ ، چونیاں،عارف والا اور دیگرعلاقوں میں بادل کھل کر برسے جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں آج اور کل وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کردی ہے ۔

ہری پور: ہری پور شہر و گرونواح میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے طغیانی آ گئی۔بارش نے کروڑوں روپے کی صفائی سکیموں کا بھی پول کھول دیا۔پانی جمع ہونےپر اہل علاقہ کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔