ایک نیوز نیوز: پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد 17جولائی بروز اتوار کو ہوگا،حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 20 حلقوں میں 3131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں،جن میں 676 انتہائی حساس، 1194 حساس اور 1271 نارمل پولنگ اسٹیشنز ہیں۔
حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہونگی،انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے، تمام حلقوں میں کنٹرول رومز قائم کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور،ملتان، شیخوپورہ اور جھنگ کے علاقوں لڑائی جھگڑے کے خدشات ہیں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی طرف سے پولنگ اسٹیشنز پر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے،عوام الناس کی سہولت کیلئے 8300 ایس ایم ایس سروس کوفعال کردیا گیا ہے۔
ضمنی انتخاب والے حلقوں کے ووٹرز اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر بھیج کر اپنے کوائف اور متعلقہ پولنگ اسٹیشن کا نام جان سکتے ہیں۔
صوبائی اسمبلی پنجاب کے 20 حلقوں میں کل 4,579,898 (پینتالیس لاکھ، اناسی ہزارآٹھ سو اٹھانوے)جن میں سے 2,460,206 (چوبیس لاکھ، ساٹھ ہزار، دوسو چھ) مرد ووٹرز ہیں جبکہ 2,119,692 (اکیس لاکھ، انیس ہزار،چھ سوبانوے)خواتین ووٹرز ہیں۔