سپین کشتی حادثہ، وزیراعظم    محمد  شہباز شریف کا اظہار افسوس  

Jan 16, 2025 | 20:50 PM

ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مغربی افریقہ سے اسپین کی جانب جانے والی کشتی کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار  کیا ہے ۔  

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم  نے  حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی بلندی ء درجات کی  دعا اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت    کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی   ہے۔  

وزیراعظم نے کہا ہے  انسانی اسمگلنگ جیسے مکروہ عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی ،اس حوالے سے کسی بھی قسم کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،انسانی اسمگلنگ کے خلاف بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔  

دوسری جانب ترجمان  دفتر خارجہ  نے مراکش کے قریب کشتی ڈوبنے کے واقعہ پر رد عمل  میں کہا ہے کہ رباط میں پاکستانی سفارت خانے نے کشتی کے حادثے کے بارے میں  آگاہ کیا ہے ،کشتی پر 80 مسافر سوار تھے جن میں متعدد پاکستانی بھی تھے، پاکستان کشتی موریطانیہ سے روانہ ہوئی اور مراکش کی بندرگاہ دخلہ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی ،حادثے  میں  پاکستانیوں سمیت زندہ بچ جانے والوں کو دخلہ کے قریب کیمپ میں منتقل کیا گیا ہے ۔  

ترجمان دفترخارجہ  کے مطابق  رباط میں پاکستانی سفارت خانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، پاکستانی سفارت خانے سے ٹیم پاکستانی شہریوں کو ضروری اعانت اور مدد فراہم کرنے کے لیے روانہ کر دی گئی ہے ،وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ بھی متحرک کر دیا گیا ہے،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ہدایت پر متعلقہ حکومتی ادارے متاثرہ پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں ،دفتر خارجہ نے کرائسس مینجمنٹ یونٹ اور رباط میں فوکل پرسنز کی تفصیلات جاری کر دیں ،وزارت خارجہ میں کرائسز رسپانس سینٹر 24 گھنٹے کام کرے گا ۔  

مزیدخبریں