75ویں ایمی ایوارڈز: 'سکسیشن' بہترین ڈرامہ اور 'دی بیئر' بہترین کامیڈی سیریز قرار

Jan 16, 2024 | 17:18 PM

ویب ڈیسک : امریکا میں ٹیلی ویژن کی دنیا کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے 'ایمی ایوارڈز' کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال سیریز سکسیشن اور کامیڈی سیریز دی بیئر نے چھ چھ ایوارڈز اپنے نام کر کے ایمی کا میلا لوٹ لیا۔

 لاس اینجلس کے پیکوک تھیٹر میں چار ماہ تاخیر کے بعد 75ویں ایمی یوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں جہاں ٹی وی کی دنیا کے بڑے ستاروں نے شرکت کی وہیں موسیقار و گلوکار ایلٹن جان نے ایک ریکارڈ بھی قائم کیا۔

ایلٹن جان کو اس سال ایلٹن جان لائیو، فیرویل فرام ڈاجر اسٹیڈیم کی وجہ سے بہترین ورائٹی اسپیشل کا ایوارڈ ملا جس کے بعد وہ فلم، ٹی وی، تھیٹر اور ریکارڈنگ کے تمام بڑے ایوارڈز حاصل کرنے والوں کی فہرست 'ایگوٹ' میں شامل ہو گئے۔

'ایگوٹ' اس کلب کو کہا جاتا ہے جس میں آسکرز، گریمی، ایمی اور ٹونی ایوارڈز جیتنے والے افراد شامل ہوتے ہیں۔ ایلٹن جان سے قبل آڈری ہیپ برن، ووپی گولڈبرگ، میل بروکس، جینفر ہڈسن اور وایولا ڈیوس سمیت 18 افراد شامل ہیں جو یہ چاروں ایوارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔

ایچ بی او پر نشر ہونے سیریز 'سکسیشن' نے بہترین ڈرامہ سیریز کے ایوارڈ کے ساتھ ساتھ بہترین اداکار، بہترین اداکارہ، بہترین معاون اداکار، بہترین رائٹر اور بہترین ہدایت کار کے ایوارڈز اپنے نام کیے۔

اس کے علاوہ کامیڈی سیریز 'دی بیئر' کو بہترین کامیڈی سیریز کے ساتھ ساتھ بہترین اداکار، بہترین معاون اداکار و اداکارہ، بہترین ہدایت کار اور بہترین رائٹر کے ایوارڈز ملے۔

نیٹ فلکس کی سیریز 'بیف' نے بھی پانچ ایوارڈز اپنے نام کیے۔ 12 نامزدگیوں کے باوجود ایچ بی او کی سیریز 'دی وائٹ لوٹس' کے حصے میں صرف ایک ایوارڈ آیا۔

بہترین ٹیلی ویژن سیریز ( ڈراما)

بہترین ڈرامہ ٹیلی ویژن سیریز کا ایوارڈ 'سکسیشن' کے نام رہا۔

اس ایوارڈ کے لیے سکسیشن کے مدِ مقابل اینڈور، بیٹر کال سال، دی کراؤن، ہاؤس آف دی ڈریگن، دی لاسٹ آف اس، دی وائٹ لوٹس اور یلو جیکٹس تھے۔

بہترین ٹی وی کامیڈی  سیریز

ٹیلی ویژن سریز 'دی بیئر' بہترین کامیڈی سیریز قرار پائی۔

اس کیٹگری میں اس کا مقابلہ ایبٹ ایلی مینٹری، بیری، جیوری ڈیوٹی، دی مارولس مسز میزل، اونلی مرڈررز ان دی بلڈنگ، ٹیڈ لیسو اور ویڈنزڈے سے تھا۔
بہترین اداکار ڈراما 

ڈرامہ سیریز کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ 'سکسیشن' کے کیرن کلکن کو دیا گیا۔

اس کیٹیگری میں ان کے ساتھ جیف بریجز، برائن کوکس، پیڈرو پاسکل، جریمی اسٹرونگ، اور باب اوڈن کرک نامزد تھے۔
بہترین اداکارہ ڈراما

بہترین اداکارہ کا ایوارڈ 'سکسیشن' کی سارہ اسنوک کے نام رہا۔

اس ایوارڈ کے لیے ان کے مدِ مقابل بیلا رامزی، کیری رسل، ایلزبتھ موس، سیرن ہورگن اور میلنی لسنکی تھیں۔
بہترین اداکار کامیڈی

'دی بیئر' میں کے جریمی ایلن وائٹ کو اس سال کامیڈی سیریز کے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس کیٹیگری کے لیے ان کے ساتھ بل ہیڈر، جیسن سیگل، مارٹن شورٹ اور جیسن سوڈیکس نامزد تھے۔

بہترین اداکارہ کامیڈی

'ایبٹ ایلی منٹری' کی کوئنٹا برنسن کے حصے میں کامیڈی سیریز کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ آیا۔

انہوں نے کسٹینا ایپل گیٹ، ریچل بروسناہن، نتاشا لیونے اور جینا آرٹیگا کو ہرا کر یہ ایوارڈ جیتا۔
بہترین معاون اداکار ڈراما

میتھیو مک فیڈن نے 'سکسیشن' میں بہترین اداکاری دکھا کر ڈرامہ سیریز میں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

اس کیٹیگری میں ان کا مقابلہ ایم مرے ابراہم، نکولس بران، تھیو جیمز، ایلن رک، ول شارپ، ایلگزینڈر اسکارگارڈ اور مائیکل امپیریولی سے تھا۔
بہترین معاون اداکارہ ڈراما

جنیفر کولیج نے ڈرامہ سیریز 'دی وائٹ لوٹس' کے لیے بہترین معاون اداکاری کا ایوارڈ جیتا۔

اس کیٹیگری کے لیے ان کا مقابلہ ایلزبتھ ڈیبیکی، ریہا سی ہورن اور جے اسمتھ کیمرون کے ساتھ ساتھ وائٹ لوٹس ہی میں نظر آنے والی چار اداکاراؤں سے تھا۔
بہترین معاون اداکارکامیڈی

دی بیئر میں بہترین اداکاری پر ایبن موس بیکریک کو کامیڈی سیریز کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

ان کے مدِمقابل اینتھونی کیریگن، فل ڈنسٹر، جیمز مارسڈن، ٹائلر جیمز ولیمز اور ہنری ونکلر جیسے بڑے نام تھے۔
بہترین معاون اداکارہ کامیڈی 

'دی بیئر' کی اداکارہ آیو ایڈبری کو کامیڈی سیریز کی بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ان کے مدِ مقابل جسیکا ولیمز، ایلکس بورسٹین، جنیل جیمز، شیرل لی ریلف، جونو ٹیمپل اور ہینا ویڈنگھم تھیں۔

سکسیشن، دی بیئر اور بیف کے حصے ہی میں رائٹنگ اور ہدایت کاری کے ایوارڈز بھی آئے۔

جیسی آرم اسٹرونگ کو 'سکسیشن' میں بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ ملا جب کہ کسٹوفر اسٹورر کو دی بیئر اور لی سنگ جن کو بیف میں بہترین اسکرپٹ اور بہترین ہدایت کاری کے ایوارڈ دیے گئے۔
 

مزیدخبریں