چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل

چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل
کیپشن: Notification of removal of Chairman Punjab Revenue Authority Javed Badr suspended

ایک نیوز: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے بھتیجے کو ملازمت پر کنفرم نہ کرنے کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جہاں جاوید بدر کی معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید بدر کی عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جاوید بدر کی درخواست پر سماعت کی۔ 

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمیشنر کے بھتیجے کو گریڈ 19 میں بھرتی کیا گیا۔ ترقی تبادلوں پر پابندی کے باوجود چند افسران کی مستقلی کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائی گئی۔ چیف الیکشن کمیشنر نے صرف اپنے بھتیجے کی مستقلی کو منظور کیا باقی کو مسترد کردیا۔

درخواست گزار نے قانون کے برعکس چیف الیکشن کمیشنر کے بھتیجے کو مستقل نہیں کیا۔ چیئرمین الیکشن کمیشن نے رنجش کی بنا پر درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کرایا۔ درخواست گزار کو قانون کے برعکس عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کا جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔