ن لیگ کی معاشی ٹیم کی نواز شریف سے مشاورتی ملاقات کی اندرونی کہانی

ن لیگ کی معاشی ٹیم کی نواز شریف سے مشاورتی ملاقات کی اندرونی کہانی
کیپشن: The inside story of PML-N's economic team's consultative meeting with Nawaz Sharif

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کی معاشی ٹیم کی قائد نواز شریف سے تفصیلی مشاورتی ملاقات ہوئی ہے۔ جاتی امرا رائیونڈ میں ہونے والی مشاورتی ملاقات کی اندرونی کہانی ایک نیوز نیوز سامنے لے آیا۔ 

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کی معاشی ٹیم نے پارٹی قیادت کو پارٹی منشور میں معیشت بارے کئے گئے وعدوں اور ان کی ممکنہ تعبیر بارے بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران پارٹی قیادت نے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی کا اِظہار کیا۔ پارٹی قیادت نے اپنی معاشی ٹیم کو مختلف اہداف دے کر مکمل منصوبہ بندی کی ہدایات جاری کر دیں۔ 

قیادت نے معاشی ٹیم کو آئی ٹی سیکٹر کے ذریعے 10 سے 12 ارب ڈالرز سالانہ کمانے کی منصوبہ بندی کی ہدایت کر دی۔ قیادت نے ہدایت کی کہ ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کو بھی جدید ترین خطوط پر استوار کیا جائے۔ معاشی ٹیم آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز میں بہتری کے لئے تیزی سے منصوبہ بندی شروع کرے۔ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں حائل ہر قسم کی رکاوٹیں ختم کرنے کی سفارشات تیار کی جائیں۔ حکومت ملتے ہی ان دو سیکٹرز میں جنگی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے۔ 

پارٹی قیادت نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ معاشی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں تھوڑی سی توجہ سے اربوں ڈالرز کا قیمتی ترین زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے۔ ملک میں اب تک فائیو جی ٹیکنالوجی نہ ہونے سے اربوں ڈالرز کا فائدہ حاصل نہیں کیا جارہا۔ 

معاشی ٹیم نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ ہمسایہ ملک بھارت فائیو جی ٹیکنالوجی کے ذریعے سالانہ اربوں ڈالر کما رہا ہے۔ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز کو جدید ترین خطوط پر استوار کرکے نوجوانواں کے لئے فوری طور پر لاکھوں نوکریاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔فائیو جی ٹیکنالوجی لا کر صرف ایک سال میں 10 سے 15 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے۔ 

پارٹی ذرائع کے مطابق آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں پارٹی قیادت کی معلومات پر معاشی ٹیم نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔